حکومت کے 100 روز: وزیراعظم کل حکومتی اقدامات سے آگاہ کرینگے

وزیراعظم کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے 100 روز مکمل ہو گئے جس کے حوالے سے جمعرات کو خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے اور حکومت کی کارکردگی پر عوام کو اعتماد میں لیں گے۔

تحریک انصاف کو 18 اگست کے دن اقتدار ملا اور اب ان کی حکومت کو سو دن مکمل ہوگئے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 روزہ پلان کا اعلان کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو 100 روزہ پلان کے حوالے سے مختلف اہداف دیے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے 100 روز میں کیا اقدامات کئے، کون سے منصوبے شروع کئے، اس بارے میں وزیراعظم عمران خان کل اپنی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے خصوصی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

تقریب کا عنوان ’رکھ دی ہے بنیاد نئے پاکستان کی‘ جس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے، کفایت شعاری مہم، سماجی تحفظ پروگرام، خارجہ پالیسی، تعلیمی اصلاحات، احتساب اور لوٹی دولت کی واپسی کے لئے اقدامات سے قوم کو آگاہ کریں گے۔

عمران خان حکومت کی 100 روزہ  کارکردگی کے بارے میں عوام کو خود آگاہ کریں گے۔ کل کی تقریب کے دعوت نامہ ارسال کر دئیے گئے ہیں جس میں وفاقی کابینہ، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی، سینیٹرز اور مختلف شعبوں سے اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔

تقریب میں  وزیراعظم عمران خان پلان میں حاصل کئے گئے اہداف بتائیں گے۔ اس کے علاوہ آئندہ کے لئے حکومتی منصوبوں اور حکمت عملی سے بھی لوگوں کو آگاہ کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں