حکومت پوری طرح فیل ہو چکی ہے، مرتضیٰ وہاب


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے، حکومت پوری طرح سے فیل ہو چکی ہے، اب ان کو اپنی نالائقیاں تسلیم کرلینی چاہیئے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوزلائن” میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا مسئلہ یہ ہے کہ جب کسی اور پر الزام لگتا ہے تو یہ کہتے ہیں کہ جرم ثابت ہو گیا لیکن اپنے لوگوں پر الزام ثابت نہ ہونے کا رونا روتے ہیں، یہ کس طرح کا قانون ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں پر الزام لگتے ہی ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو جاتے ہیں لیکن تحریک انصاف کے اپنے لوگوں کے نہیں؟

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن میں رہ کر عوام کو بہت سہانے خواب دکھائے تھے لیکن عملی طور پر ملک میں کوئی بہتری نہیں لا سکے، یہ لوگ دن میں کچھ بیان دیتے ہیں اور رات میں ان کے بیانیے بدل چکے ہوتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ کون سا قانون ہے جو شریف خاندان پر لاگو ہوتا ہے پر تحریک انصاف سے جڑے لوگوں پر نہیں؟ حکومت جب سے آئی ہے اپنی باتوں سے یو ٹرن لے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کے دور حکومت میں ملکی معیشت سمیت باقی تمام معاملات بہت اچھے طریقے سے چل رہےتھے، تحریک انصاف نے بہت سے دعوے کیے، عوام نے ان سے بہت امیدیں وابستہ کر لیں لیکن اب کہاں ہیں وہ سب چیزیں جس کے انہوں نے وعدے کیے تھے؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم عمران خان پر نیب کا ایک مقدمہ چل رہا ہے، تحریک انصاف کے کافی رہنماؤں پر مقدمات چل رہے ہیں، نیب کی جانب سے تحریک انصاف کے جن بھی رہنماؤں کو طلب کیا گیا وہ پیش ہوئے ہیں لیکن نیب کے قوانین کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اگر ہم نیب کو خود مختار نہیں بناتے تو یہ ہماری حکومت کی ناکامی ہو گی۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ انہیں عمران خان پر اس حوالے سے بہت اعتماد ہے، اگر ان کی بہن بھی غیر قانونی کام کریں گی تو وزیر اعظم ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کو اپنے اوپر اٹھنے والے سوالات کا سامنا ضرور کرنا چاہیئے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ کبھی آفس ہولڈر نہیں رہیں۔

ملکی اکانمی کے حوالے سے عاطف خان نے کا کہنا تھا کہ اکانمی کے حالات نہ تین دن میں ٹھیک ہوتے نہ ہی خراب، پچھلے ستر سالوں سے عمران خان ملک پر حکمرانی نہیں کر رہے تھے۔


متعلقہ خبریں