ریلوے کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا، شیخ رشید

فوٹو: فائل


راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریکس کے اطراف 160 ایکڑ زمین پر لینڈ مافیا قابض ہے اور دس ہزار گھر بنے ہوئے ہیں۔ ریلوے کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔

شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کے گوالمنڈی گرلز کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے 100 دنوں میں ہم نے دس ٹرینیں چلا دی ہیں جب کہ 25 دسمبر کو ایک اور ٹرین چلائی جائے گی۔

ریلوے ٹریک کے قریب تمام اسکولوں کی کراسنگ بند کر دیں گے۔ ریلوے ٹریکس کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کر کے ہی ٹریک کو کلیئر کیا جا سکتا ہے جب کہ ہماری کوشش ہے کہ نالہ لئی کے اطراف بھی ریلوے سروس شروع کی جائے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر میں بہت ظلم ہو رہا ہے اور سکھوں کی ساری عبادت گاہیں پاکستان میں ہیں اور ہم سکھوں کو لیز پر جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔

شیخ رشید نے اگلے سال سے ہر روز کسی ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو پڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخ ہونے کے باوجود اسکول میں جنریٹر لگا دوں گا اور اگر ٹرانسفارمر ڈیڑھ لاکھ روپے کا ہے تو یہ میں اپنی جیب سے دیتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر کالجز کو حکم دیا کہ اگر کوئی ٹھیکیدار کام نہیں کر رہا ہے تو اس کو تبدیل کرا دیں۔

شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو طالبات کی تعلیم میں راولپنڈی کا 27 واں نمبر تھا جو آج پہلے نمبر پر آچکا ہے۔


متعلقہ خبریں