کراچی: بین الاقوامی دفاعی نمائش(آئیڈیاز) 2018 کا ٹریفک پلان


کراچی: چار روزہ دسویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اورسیمینار(آئیڈیاز) 2018 کے لیے ٹریفک پلان تیار کر لیا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق بین القوامی دفاعی نمائش 2018،  27 تا 30 نومبر 2018 ایکسپو سینٹرگلشن اقبال، کراچی میں منعقد ہوگی۔

کراچی ٹریفک پولیس نے تمام پبلک، کمرشل اور پرائیویٹ گاڑیوں کے مالکان سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے دیے گئے ٹریفک پلان پر عمل کریں۔

ہیوی ٹریفک کے متبادل / فلٹر کے مقامات
ٹریفک پولیس کیے اعلامیہ کے مطابق شارع فیصل نرسری سے آنے والی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ یا سر شاہ سلیمان رو ڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس کے مطابق کارساز اور ڈرگ روڈ شارع فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ اور ملینیم سے نیپا کا راستہ اختیار کیا جائے۔ اسی طرح ایئرپورٹ سے آنے والے افراد ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا والا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ملینیم راشد منہاس روڈ سے ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی البتہ نیپا، عسکری IV، ڈرگ روڈ سے شارع فیصل یا ملینیم، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر نے کے مجاز ہوں گے۔

مسافروں کو بتایا گیا ہے کہ نیپا سے پی پی چورنگی تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نیپا اور گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ یا صفورہ جانے والے راشد منہا س روڈ، ملینیم اور ڈرگ روڈ سے شارع فیصل کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پلان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی پی چورنگی سے نیپا تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شارع قائدین سے مزار قائد یا خداد کالونی فلائی اوور ریمپ سے بائیں جانب صدر اور اسی طرح گرومندرچورنگی ، پی پی چورنگی سے دائیں جانب صدر یا عائشہ عزیز چورنگی سے دائیں جانب شارع قائدین کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

 

چار روزہ دفاعی نمائش کے دوران سفر کی مشکلات سے بچنے کے لیے مسافروں کو یونیورسٹی روڈ پر اندرون علاقے سے آنے والی ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس ٹریفک کو پی پی چورنگی سے شارع قائدین کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

لیاقت آباد نمبر 10 کے حوالے سے پلان میں یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سر شاہ سلیمان روڈ پر لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ لیاقت آباد نمبر 10 سے بائیں جانب کریم آباد یا دائیں جانب ڈاکخانہ، تین ہٹی کی جانب جایا جاسکتا ہے۔

یونیورسٹی روڈ کی دونوں اطرف کی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی لیکن لیاقت آباد، غریب آباد اور حسن اسکوائر سے شارع فیصل جانے کے لیے ٹریفک کو حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ بیت المکرم سے یوٹرن لیکر جعفری آپٹکس سے الراع استیڈیم کے عقب سے اسٹیڈیم روڈ، کارساز یا ملینیم جا سکتے ہیں۔

یونیورسٹی روڈ سے نیپا، راشد منہاس اور ڈرگ روڈ سے بھی اپنی منزل کی طرف جا سکتے ہیں۔

متبادل راستوں کے حوالے سے ٹریفک پولیس کا کہنا ہے  کہ دوران نمائش سر شاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک بند رہے گا۔ صرف اسٹیکر کی حامل گاڑیاں اسٹیڈیم برج سے کراچی ایکسپو سینٹر تک آسکیں گی اور مقررہ پارکنگ کے مقامات پر پارک ہوں گی۔

کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک اسٹیڈیم سے دائیں جانب ڈالمیا سے ملینیم اور بائیں جانب نیو ٹاؤن جا نے کا مجاز ہوگا۔ کارساز سے کسی بھی قسم کی ہیوی کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ہدایات کے مطابق سر شاہ سلیمان روڈ، اسٹیڈیم سے حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ ، اسٹیڈیم رود اور دیگر مقامات پر کسی بھی قسم کی گاڑی کو پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حسن اسکوائر کے اطراف رہائشیوں کے لیے ہدایت دی گئی  کہ سر شاہ سلیمان روڈ اور حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک عام ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کراچی ٹریفک پولیس نےعوام الناس سے گزارش کی ہے کہ زحمت یا پریشانی سے بچنے کےلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔

عوام کو چاہیے کہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں مناسب رہنمائی حاصل کرنے کے لیے 1915 ملائیں یا فیس بک www.facebook.com/karachitrafficpolice پر اور یا واٹس ایپ 03059266907 پر ٹریفک پولیس نمائندے سے رابطہ کریں۔

دفاعی نمائش کے چار دنوں میں ٹریکف پلان جاننے کے لیے ایف ایم ریڈیو 88.6 سے تازہ ترین اپ ڈیٹ بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں