بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

خیبرپختونخوا میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا تاہم بالائی علاقوں میں برفباری اور بلوچستان میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت گھنے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جمعرات کی صبح اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہا اور درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں صبح کے وقت ہلکی دھند اور سردی  میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت حد نگاہ 3 کلو میٹر رہی اور ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں موسم مزید سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم افغانستان سے بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے اور چمن میں طویل خشک سالی کے بعد رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئی ہیں جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم آئندہ دو روز میں بارشں متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے اکثر اضلاع میں جمعرات کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکرود میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں