بلوچستان کو منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی میں جھونکا گیا، عاصم باجوہ



کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت بلوچستان کو دہشت گردی کی جانب دھکیلا گیا تاہم اب صوبے میں ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

کوئٹہ میں آپریشنل ایکسیلینس ایوارڈ کے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کی جنگ کا متحد ہو کر مقابلہ کیا اور سرخرور رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دشوار گزار علاقوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلر (ایف سی) نے پیش وارانہ صلاحیتیں دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس لیے ایف سی بلوچستان کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز آپ کی خدمت پر مامور ہیں جب کہ بلوچستان میں امن کے قیام کی ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور امن و ترقی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی کو بلوچستان کی جانب دھکیلا گیا اور ماضی میں کچھ لوگ نوجوانوں کو بہکا کر پہاڑوں پر لے گئے تھے تاہم کچھ روز قبل 70 سے زائد فراری ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے بلوچستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال کی پسماندگی ایک طرف ہے لیکن اب ہم سب مل کر بلوچستان کی ترقی پر کام کر رہے ہیں اور آئندہ آنے والے دنوں میں جلد بلوچستان میں نئے ترقیاتی پیکجز شروع کئے جائے گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس اب اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے تاہم پاک فوج بلوچستان پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ پانی، سڑکیں، ساحل اور دیگر شعبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جب کہ پاک فوج کی جانب سے ترقی کے عمل میں حکومت کو ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے۔


متعلقہ خبریں