مذہب کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے، فواد چوہدری



لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، بعض لوگ مذہب کا لبادہ اوڑھ کر سیاست کر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریات کی لڑائی بندوق کی نوک پر نہیں بلکہ دلائل کی بنیاد پر لڑی جاتی ہے۔ ایک ایسا طبقہ جس کا مذہب سے کچھ زیادہ لگاؤ نہیں ہے وہ مذہب کے نام پر سیاست کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بحران ہمارے معاشرے کا بحران ہے اور جس ریاست میں اقلیتوں کے حقوق موجود نہ ہوں وہ مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی ہے جب کہ وزیر اعظم عمران خان ایک سچے عاشق رسول ہیں اور جس کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات سے عشق نہیں وہ مسلمان ہی نہیں ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہبی اکابرین کو نظریاتی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور حکومت مذہبی قیادت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گی جب کہ پہلی بار سرکاری سطح پر 12 ربیع الاول منایا جا رہا ہے اور 20 نومبر کو کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم خود کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ ہم اس وقت مایوسی کی طرف نہیں بلکہ بہتری کی طرف جا رہے ہیں جب کہ مدرسوں میں پڑھنے والے لاکھوں بچے ہمارے بچے ہی ہیں۔ افغانستان میں ہونے والے واقعات کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے۔

عمران خان کا کوئی ایجنڈا ذاتی نہیں ہے وہ ملک کی ترقی کے لیے سب کچھ کر رہے ہی، عمران خان کی سیاست ملک و قوم کے لیے ہے۔


متعلقہ خبریں