کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، 3 ایکڑ علاقہ صاف کرالیا گیا


کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ہفتے کے روز تین ایکڑ پر مشتمل علاقے کو تجاوزات سے صاف کرایا گیا جس میں گلستان جوہر بلاک 13 کا فرنیچر بازار بھی شامل ہے جہاں گزشتہ 25 سالوں سے قبضہ تھا۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ رات سے اب تک گلستان جوہر میں سماما، فرنیچر مارکیٹ، جوہر چورنگی اور رابعہ سٹی کے اطراف کے علاقوں کو کلیئر کر کے اضافی تعمیرات کو گرادیا گیا۔

اس کے علاوہ طارق روڈ کے علاقے میں واقع سپر مارکیٹ کے ایک حصے کو بھی گرادیا گیا۔

کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ تجاوزات گلستان جوہر کے علاقے میں ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف کاروائی پورا ہفتہ جاری رہیں۔ دو روز قبل دوران کارروائی سینیئر ڈائریکٹر کے ایم سی بشیر صدیقی کا کہنا تھا کہ آپریشن میں 80 فیصد اہداف حاصل کرلیے گئے ہیں۔

آپریشن میں الیکٹرونک مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، ریگل چوک، لکی اسٹار اور زیب النسا اسٹریٹ پر قائم تین ہزار سے زائد دکانوں پرلگے شیڈز اورسائن بورڈز ہٹا دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ صدرمیں قائم 210 غیر قانونی دکانوں کو بھی گرایا جا چکا ہے۔

تاہم آپریشن سے متاثرہ افراد نے بھی وقتاّ فوقاّ دوران کارروائی احتجاج جاری رکھا جس کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔


متعلقہ خبریں