انصاف کا کدو کٹے گا تو سب میں بٹے گا، فیاض الحسن



لاہور: پنجاب کے وزیربرائے اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے حمزہ شہباز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دس سال تک پولٹری کا غیر قانونی کاروبار کیا اور پنجاب کی ہر انڈسٹری میں کرپشن کی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سابقہ حکومت نے کوئی انڈسٹری ایسی نہیں چھوڑی جس میں کرپشن نہ کی ہو۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پولٹری کی انڈسٹڑی سے کھربوں روپے کمائے اور کھربوں روپے کی کرپشن کی۔

پنجاب اسمبلی میں احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ’کھسیانی بلے کھمبا نوچے‘ والی مثال ہے۔ ان کے خلاف سینکڑوں الزام ہیں۔ انہوں نے ن لیگی رہنما رانا مشہود پر فرنٹ مین ہونے کا الزام بھی لگایا۔

صوبائی وزیر نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی ایئرلائن کے لیے پی آئی اے کو تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ انصاف کے دائرے میں جو بھی آئے گا وہ نہیں بچے گا، ہماری جانب سے نیب، سپریم کورٹ، ایف آئی اے اور کسی بھی ادارے کی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔


ن لیگی رہنما رانا مشہود نے رد عمل میں کہا کہ حکومت کے ڈس انفارمیشن منسٹر اپنی ویلیو بچانے کے لیے اس قسم کے بیان دیتے ہیں۔ فیاض الحسن کو پی ٹی آئی میں کوئی سنجیدہ نہیں لیتا۔

رانا مشہود نے کہا کہ مہنگائی کو بلند ترین سطح پر پہنچانا پی ٹی آئی کی تبدیلی ہے، یہ لوٹوں اور لٹیروں کی حکومت ہے، ہم انہیں آئینہ دکھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہ بلا تفریق انصاف ہونا چاہیے، ہم اس’غیر مقدس الحاق‘ کو نہیں چلنے دیں، حکومت اپنے وزیروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتی۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہم 100 دن میں ان کے خلاف وائٹ پیپر شائع کریں گے۔


متعلقہ خبریں