شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کر دی گئی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

منگل کے روز شہباز شریف کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا، دوران سماعت نیب کی جانب سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے 10 نومبر تک توسیع کی منظوری دی۔

شہبازشریف نے بتایا کہ راہداری ریمانڈ کے دوران تفتیشی افسر پوچھ گچھ کرتے رہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالتی آرڈر شیٹ میں یہ بھی لکھا جائے، اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی تک نہیں بتایا کرپشن کہاں ہوئی۔

اس سے قبل شہباز شریف 6 نومبر تک راہداری ریمانڈ پر تھے جس کی مدت ختم ہونے پر انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

احتساب عدالت کی گزشتہ سماعت میں شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے  9 نومبر تک راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے 6 نومبر تک راہداری ریمانڈ دییا تھا۔

31 اکتوبر کو شہباز شریف کے تین روزہ راہداری ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر نیب حکام نے انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا تھا۔

دوران سماعت تفتیشی آفسر نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف 7 نومبر تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ان کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا گیا تھا جو مکمل ہونے پر انہیں پیش کیا جا رہا ہے۔

عدالت نےقومی اسمبلی کے سیشن سے متعلق استفسار کرتے ہوئے چھ نومبر تک راہداری ریمانڈ کی منظوری دے دی تھی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں دس روزہ ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں جب کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منسٹر انکلیو اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں۔


متعلقہ خبریں