عمران خان پانچ روزہ دورہ چین کے بعد وطن واپس روانہ

فوٹو: فائل


بیجنگ/اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج شام دورہ چین مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

وطن واپسی کے بعد وزیر اعظم سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نور الحق قادری وزیراعظم کو مذہبی جماعتوں کے احتجاج سے آگاہ کریں گے اور  تحریک لبیک کی قیادت سے ہونے والے معاہدے کے نکات پر بھی بریفنگ دیں گے۔

یکم نومبر سے پانچ نومبر تک شیڈول کیے گئے دورے کے آخری روز وزیر اعظم نے شنگھائی میں بین الاقوامی درآمدی نمائش کی سائیڈ لائن پر روسی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری، دو طرفہ تجارت اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔

اس سے قبل وزیر اعظم نے بین الاقوامی درآمدی نمائش سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی معاشی ترقی کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ  سی پیک مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ثابت ہو گا۔

وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین

پاکستان اور چین نے وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران 15 اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور انکے  چینی ہم منصب لی کی چیانگ  بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے تزویراتی مذاکرات کےلیے دستاویز پردستخط کیے۔

دورے کے دوران چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان  کے ساتھ معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ اسلام آباد پولیس اوربیجنگ پولیس کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان پاکستان سے غربت کےخاتمے کےلیےمفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

دونوں ممالک نے زراعت اور اقتصادی وتکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔


متعلقہ خبریں