لاہور ہائیکورٹ میں8 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت آج


لاہور:  لاہورہائیکورٹ میں آٹھ نئے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے خلاف متفرق درخواست کی سماعت آج  ہوگی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود متفرق درخواست کی سماعت کرینگے۔ درحواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نئے ایڈیشنل ججز کو کام کرنے سے روکا جائے۔

متفرق درخواست میں نئے تعینات ہونیوالے ایڈیشنل ججز کو مرکزی کیس میں فریق بنانے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست ایم ایچ مجاہد کی جانب سے سے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین میں دیئے گئے معیار کے تحت ہزاروں وکلاء ہائیکورٹ کےجج بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ہزاروں اہل وکلاء کو نظر انداز کرکے من پسند وکلاء کو ہائیکورٹ کا جج تعینات کیا گیا۔ من پسند وکلاء کو جج تعینات کرکے آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔

درخواست گزار نے کہا ہے کہ عدالت میں ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار کے حوالے سے کیس زیر التوا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت کیس میں ہائیکورٹ میں تعینات ہونے والے نئے ایڈیشنل ججز کو فریق بنانے کی اجازت دے۔

درخوست میں جسٹس انوارالحق پنوں، جسٹس فاروق حیدر، جسٹس شکیل الرحمان خان، جسٹس محمد وحید خان، جسٹس احمد رضا، مسٹر جسٹس رسال حسن سید، جسٹس عاصم حفیظ اور مسٹر جسٹس صادق محمود خرم کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں