مولانا سمیع الحق کے بیٹے جماعت کے نئے سربراہ مقرر

مولانا سمیع الحق کے بھائی جماعت کے نئے سربراہ مقرر|humnews.pk

اسلام آباد: مولانا سمیع الحق کے بیٹے اور سابق رکن قومی اسمبلی مولانا حامد الحق جمیعت علمائے اسلام  (جے یو آئی س)  کے نئے سربراہ مقرر ہوگئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا حامد الحق کا کہنا تھا کہ وہ بطور سربراہ جے یو آئی س تمام دینی جماعتوں کو متحد رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق ہر سطح پر پاکستان کو متحد کرنا چاہتے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت سے مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کی گرفتاری اور آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

پارٹی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے تمام عہدیداروں کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔

واضح رہے جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو جمعہ کی شب نامعلوم ملزمان نے چاقو کے وار کرکے ہلاک کردیا تھا۔

دارالعلوم حقانیہ میں تعزیت کے لیے مولانا سمیع الحق کے شاگردوں، سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیئے گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید بھی دارالعلوم حقانیہ پہنچے اور مولانا کی شہادت پر اہل خانہ اور شاگردوں سے تعزیت کی جبکہ جنرل (ر) احسان الحق اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر شیرپاؤ نے بھی فاتحہ خوانی کی۔


متعلقہ خبریں