سازش کے تحت بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی جا رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان


کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سازش کے تحت بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی جا رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے نام پر وفاقی حکومت جھوٹ بول رہی ہے اور کراچی سرکلر ریلوے کے اسٹیشنز پر کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ غیرآئینی اور غیرقانونی طور پر کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر لگایا ہوا ہے اور رولز کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن ایکشن نہیں لے رہا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپیکر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

کے الیکٹرک پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کے الیکٹرک مافیا بنا ہوا ہے اس کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے۔ کوئی سیاسی پارٹی کراچی کے مسائل پر توجہ دینے کے لیے تیار نہیں الیکشن سے پہلے بھی شہرکی بری حالت تھی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایڈمنسٹریٹر سیاسی بنیاد پر بھرتی ہیں اور افسوس کی بات ہے صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہو رہی ہے۔ اس وقت ضروری ہے کہ فوری طور پر بلدیاتی الیکشن ہوں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک ہر فیصلے پر عدالت سے اسٹے لے لیتی ہے اور جبری طریقے سے بجلی کے بلوں میں ٹیکس لگانا قابل قبول نہیں ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے دوبارہ بیلٹ پیپر چھاپے جائیں اور کراچی کے ووٹ اب فروخت نہیں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں