گریٹر اقبال پارک واقعہ، ڈی آئی جی آپریشنزسمیت اعلیٰ افسران معطل، ملزمان کی شناخت ہوگئی


گریٹراقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کے واقعہ میں ملوث گرفتار ملزمان کی شناخت کی جا چکی ہے۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ نادرا کو 60 ملزمان کی تصاویر بھجوائی گئی ہیں۔ 30 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ کے ذریعے بھی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر  گریٹر اقبال پارک میں خاتون پر تشدد اور بد سلوکی کے کیس  میں غفلت پرتنے پر ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز اور متعلقہ ایس پی کو معطل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشن اور ایس پی کو  سی پی او آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی ایس پی بادامی باغ سرکل عثمان حیدر کو بھی معطل کردیاگیا۔ ایس ایچ او لاری اڈا محمد جمیل کو بھی  عہدے سے فارغ کردیاگیا۔

ڈی ایس پی بادامی باغ سرکل عثمان حیدر کو آئی جی آفس اورایس ایچ او لاری اڈے کو ڈسٹرکٹ پولیس لائن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت گریٹر اقبال پارک  میں خاتون سے دست درازی کے کیس پر خصوصی  اجلاس ہوا

یہ بھی پڑھیں: گریٹر اقبال پارک کیس:لڑکی کے جسم پر خراشوں اور نیل کے نشان

وزیراعلی عثمان بزدار نے خاتون کے واقعہ اور دیگر واقعات پر پولیس کے ردعمل میں تاخیراور فرائض سے غفلت برتنے پر برہمی کا اظہار کیا،

انہوں نے کہا کہ خاتون سے دست درازی اور دیگر واقعات کے حوالے سے پولیس کا ردعمل سست رہا ہے۔عوام کو پولیس سے بہت توقعات ہیں اور پولیس کو عوامی امنگوں کے مطابق فرائض سرانجام دینا ہیں،

انہوں نے کہا ہے کہ خاتون سے دست دازی کے واقعے پر ہر دل دکھی ہے۔ خاتون سے دلی ہمدردی ہے،ہر صورت انصاف ہو گا۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں حتمی ابتدائی رپورٹ وزیراعلی عثمان بزدار کو پیش کی۔

ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اب تک واقعے میں ملوث 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس نادرااور فرانزک سائنس ایجنسی کی مدد سے  دیگر  ملزمان کو ٹریس کر رہی ہے۔

اجلاس میں وزیر قانون راجہ بشارت، آئی جی پنجاب انعام غنی اور دیگر حکام  بھی شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: گریٹر اقبال پارک کیس: 60سی سی ٹی وی کیمروں میں سے35 خراب نکلے

دوسری جانب متاثرہ لڑکی میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لڑکی کے جسم پر نیل اور خراشوں کے نشان پائے گئے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں