وزیر اعظم کو سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں ،سعید غنی


کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعیدغنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو سندھ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

کراچی میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے سیلاب متاثرین سے ملاقات نہیں کی نہ وہاں کاجائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے۔ صوبے کو گیس فراہم نہ کر کے وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن میں ہی چور نظر آتے ہیں۔ حکومت کو پاکستان تحریک انصاف میں سب فرشتے نظر آتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں لوڈشیڈنگ جاری، کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی بدستور معطل

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ پاکستان کی 65 فیصد گیس سندھ سے دریافت ہوتی ہے، اس کے باوجود صوبے کو اس کے حصے کی گیس نہیں دی جا رہی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ سردیوں میں گیس نہیں ہو گی۔  اربوں روپے نہیں دے سکتے، گیس تو دیں، گیس مہیا کرنا ہو گی، ورنہ صنعت نہیں چل سکتی۔  کاروباری طبقہ مطمئن ہو گا تو ہی ملک میں اطمینان آئے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی) کے ترجمان نے کہا تھا کہ سردیوں میں گیس کے مسائل مزید پیچیدہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:گیس بحران کے باعث لوڈشیڈنگ12گھنٹے تک پہنچ گئی

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی نے کہا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول کے الیکٹرک اپنا متبادل بندوبست کریں، کے الیکٹرک سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پیشگی اطلاع دی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سوئی گیس کو 300 ایم ایم سی ایف ڈی کمی کا سامنا ہوگا، مختلف فیلڈز سے ایس ايس جی سی  سسٹم میں گیس کم موصول ہو رہی ہے۔

 


متعلقہ خبریں