وزیر اعظم عوامی حمایت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، سینیٹر سراج الحق


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان عوامی حمایت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوروں اور ڈاکوﺅں کا رونا رونے والے وزیر اعظم کی رہائش مافیاز کی ”پناہ گاہ“ بنی ہوئی ہے۔ فوج کی حمایت پر خوش گمانی کا شکار وزیر اعظم عمران خان عوامی حمایت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بیٹھے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نمائندے مہنگائی کا ٹوکہ چلا کر ملک سے بھاگ گئے ہیں جبکہ قومی احتساب بیورو (نیب) کہتا ہے کہ حکومتی نمائندوں پر ہاتھ ڈالا گیا تو حکومت 15 دن بھی نہیں چل سکے گی۔

احتساب سے متعلق بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ احتساب صرف ان لوگوں کا ہو رہا ہے جو حکومت کے خلاف ہیں۔ سرکار کا چور زمانے کا ولی اور جو چور حکومت کے ساتھ نہیں وہ جیل میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں مافیا کی جیبیں بھرنے کیلئے روپے کی قدر گرائی گئی، مریم اورنگزیب

قرضے پر بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ 18 ماہ میں حکومت نے 11 ہزار ارب کا قرضہ لیا جبکہ 70 سالوں میں 31 ہزار ارب روپے قرضہ تھا جو 18 ماہ میں 42 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ ترک صدر طیب اردگان کی موجودگی میں بھی وزیر اعظم نے قومی یکجہتی کی بات نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں شرح سود کو کم کیا جا سکتا ہے، اسد عمر

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو ہم سب سے پہلے گیس کی رائیلٹی بلوچستان کو دیں گے، دھرنے کے دوران جو کچھ ہوتا رہا حکومت اور پرویز الٰہی کا فرض ہے کہ قوم کے سامنے لائیں۔


متعلقہ خبریں