عمران خان: ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کا نفاذ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی اور اشیائے خوردونوش میں ہونے والی ملاوٹ کے خلاف ایمرجنسی کے نفاذ  کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں ںے ہدایت کی ہے کہ چاورں صوبائی وزرائے اعلیٰ اس حوالے سے جامع نیشنل ایکشن پلان بھی ترتیب دیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے یہ ہدایت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خورد ونوش میں ملاوٹ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ دودھ، گوشت اور دالوں سمیت روز مرہ استعمال کی اشیا میں ملاوٹ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والے افراد ہمارے بچوں کی صحت سے کھیلتے ہیں جس کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

مشیر خزانہ نے وزیراعظم کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا، سینئر صحافی کا انکشاف

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ کی وجہ سے متعدد بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور انسانی جانوں کو سخت خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ چیک کرنے والی لیبارٹری غیر فعال ہے تو انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی فعالی میں وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ معاونت فراہم کی جائے۔

کراچی میں آٹے کی قیمتوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے انہوں ںے چیف سیکریٹری سندھ کو ہدایت کی کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں ںے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف انتظامی اقدامات کو مؤثر بنایا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق پاسکو کی جانب سے صوبہ سندھ کو چار لاکھ ٹن گندم کی فراہمی تقریبا مکمل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ ٹن مزید گندم کی فراہمی کی درخواست پر اقتصادی رابطہ کمیٹی اپنے اجلاس میں غور کرے گی۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے اپنے متعلقہ صوبوں کی موجودہ صورتحال کے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخوا اوردارالحکومت میں اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔

وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ صوبہ سندھ میں اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے صوبہ پنجاب و صوبہ خیبرپختونخوا میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کی روک تھام کے خلاف انتظامی اقدامات کو سراہا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی تنخواہ وفاقی وزیر سے بھی کم

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز  کہا تھا کہ ملک میں مافیا، حکومت اورعوام کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی بھر پور کوشش کررہا ہے لیکن ہم اسے ناکام بنا دیں گے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ صلاحیت ہونے کے باوجود لوگ تجربات کرنے سے ڈرتے ہیں حالانکہ انسان تجربات سے سیکھ کر ہی آگے بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو محنت کرنی چاہیے اور اس بات پر یقین رکھنا چاہیے کہ کامیابی، عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ نیت صاف ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خوف و ڈر انسان کو آگے بڑھنے سے روکتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کامیاب وہ لوگ ہوتے ہیں جن میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اور جذبہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے اراکین اسمبلی سے رابطوں کیلئے کوارڈینیٹرز مقرر کردیے

ہم نیوز نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ حقیقی زندگی اونچ نیچ کا نام ہے تاہم برے وقت میں انسان کو اصلاح کرنی چاہیے اور اپنی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست کی وجہ سے 700 سال تک مسلمان کامیاب رہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ جو معاشرہ نوجوانوں کی قدر کرتا ہے وہ آگے بڑھتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نوجوانوں کو راستہ دکھا رہے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کی بھرپور مدد کرے گی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور حکومت قدرتی وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس سلسلے میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کام کرنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں