اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-اے کی خلاف ورزی ہے۔
مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ کےپاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے جیسے فارمولے کے تحت فنڈز وفاق صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائ سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 17, 2020
انہوں نے کہا کہ جیسے وفاق فنڈز کو صوبوں میں تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر بھی اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی کور کمیٹی اجالس میں بھی فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب اچھی کارکردگی نہیں دکھا پارہی جس کے باعث پوری جماعت کو دباؤ کا سامنا ہے۔
انہوں نے انشکاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ہے تاہم صرف 77 ارب جاری کیے گئے ہیں۔