ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی رینجرز کے حوالے کیا جائے، حلیم عادل

حلیم عادل شیخ نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی میں بحیثیت والو مین ملازمت کرنے والے افراد کے بچے کینیڈا میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کو فی الفور رینجرز کے حوالے کیا جائے جو عملے کے ساتھ جا کر فیکٹریوں سمیت دیگر جگہوں پر قائم غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کرائے۔

کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران کا انکشاف

ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی سے وابستہ نچلے درجے کے ملازمین پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ وہ چوروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والی گرمیوں میں پانی پر خونریزی ہو سکتی ہے،

پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ پانی چوری کرنے والوں کے خلاف رینجرز کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا جائے اور پانی چوری کرنے والوں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے واٹر ٹینکروں تک تو پانی پہنچ رہا ہے لیکن گھروں کے نلکے سوکھے پڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے ادارے کے عملے کے پاس لگژری گاڑیاں ہیں۔

کراچی میں سمندر کا پانی قابل استعمال بنانے کا پلانٹ لگانے پرغور

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا بحران ہے اور کیماڑی کے مکینوں نے اسی لیے احتجاج بھی کیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ نے مسائل کو حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے حکومت سندھ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی صفائی مہم بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں ہونے والی صفائی مہم میں کوئی وزیر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

حکومت سندھ پرکڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ صفائی مہم کے لیے جو فنڈز جاری کیے گئے تھے ان سے صوبائی وزرا صرف اپنا حصہ وصول کرنے جاتے ہیں۔

کراچی ضرورت سے آدھے پانی پر زندہ رہنے کو مجبور

حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ حکومت سندھ کی ناقص حکمت عملی کے سبب کے فور کا منصوبہ 25 ارب سے بڑھ کر 150 ارب روپے تک کا ہوگیا ہے۔


متعلقہ خبریں