لاہور میں آکسیجن سلنڈر دھماکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی جان لے گیا


پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آکسیجن سلنڈر دھماکہ ایک ہی خاندان کے تین افراد کی جان لے گیا۔  گھر کی بالائی منزل کی چھت مکمل طور پر گر گئی، ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد ملبے سے تینوں افراد کی لاشیں نکالیں۔ 

علامہ  اقبال ٹاؤن کے رچنا بلاک میں سلنڈر پھٹنے سے ہنستا بستا گھرانہ اجڑ گیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ نہ صرف مکان کی بالائی منزل پر موجود دو کمرے تباہ ہوئے بلکہ اطراف کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، آٹھ گھنٹے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا اور ملبے تلے دبی عارف صدیقی ان کی اہلیہ کنول اور انیس سالہ بیٹے ابوبکر کی لاشیں نکال لی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق عارف صدیقی دمے کے مرض میں مبتلا تھے، اس لئے گھر میں آکسیجن سلنڈراستعمال کیا جاتا تھا جو کسی وجہ سے پھٹ گیااور خاندان کے افراد کے لئے تباہی کا سبب بنا۔

سی ٹی ڈی اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ میں غیر قانونی چنگچی رکشوں اور سی این جی سلنڈرز کے خلاف کارروائی


متعلقہ خبریں