شیخ رشید نے ریلوے پولیس کی تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریڈیو ریلوے پاکستان جلد شروع کر رہے ہیں جب کہ جلد دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے۔

لاہور میں ریلوے ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے پولیس کی تنِخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر رہے ہیں جب کہ ریلوے کے انجنوں میں ٹریکرز بھی چند روز میں لگ جائیں گے جس کا افتتاح وزیراعظم کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ دس نئی ٹرینوں میں سے پہلے دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائیں گے جس کے کھانے کا ٹھیکہ کسی فائیو اسٹار ہوٹل کو دیا جائے گا جب کہ دھند سے پیش آنے والی مشکلات کو بھی حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سال 2014 سے ریلوے کا کوئی آڈٹ نہیں ہوا ہے۔

ریڈیو پاکستان ریلوے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ریلوے کا دفتر لاہور ریلوے ہیڈکوارٹر میں ہو گا جس کو پانچ سے دس افراد چلائیں گے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمیں دو مقدمات میں کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے بعد اب ہم ریلوے کی زمین کو پانچ سال تک لیز پر دینے کا اختیار مل گیا ہے جب کہ رائل پام کا کیس بھی ہم جیت چکے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر کہا کہ میرا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے۔ میں شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہا ہوں۔ یہاں تو چور کو چوکیداری پر لگا دیا گیا ہے۔

آصف زرداری سے متعلق انہوں نے کہا کہ اُن کا لیول یہ نہیں تھا جس پر وہ آج موجود ہیں اور وہ اپنے آپ کو بچانے کے لیے بلاول کو بھی مروانے سے گریز نہیں کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سال 2019 پاکستان ریلوے کی تبدیلی کا سال ہے اور رواں سال ریلوے میں بہت تیدیلیاں لائیں گے۔ روس اور ترکی کے وزیر ریلوے کو لاہور آنے کی دعوت دی ہے۔


متعلقہ خبریں