کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز ہارون رشید نے کہا ہے کہ رواں سال ٹیم کے مصروف شیڈول کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمولیت محدود کی گئی ہے۔
نیشنل اسٹڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ اس فیصلے سے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول برقرا رکھنے میں مدد ملے گی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کی مصروفیات کے باعث گرین شرٹس نے امریکا میں رواں برس طے شدہ سہ ملکی سیریزمیں شرکت سے بھی معذرت کر لی تھی۔
امریکا میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے مابین ٹی ٹوئنٹی میچز ہونا تھے۔ پاکستان کی عدم شمولیت کے باعث سیریز اب ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جائے گی۔
اعلان کردہ فیصلے سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا شائقین کرکٹ کے سامنے امریکی گراؤنڈز پر کرکٹ کھیلنے کا برسوں پرانا خواب ایک مرتبہ پھرشرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔
کرکٹ سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا میں سہ ملکی سیریز 2019 میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔