اسلام آباد: سرائیکی صوبے کے حق میں ریلی


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرائیکی صوبے کے حق میں ریلی نکالی گئی۔

وفاقی دارالحکومت میں طلبا نے سرائیکی قومی تشخص اور سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے ریلی نکالی جو میلوڈی مارکیٹ سے شروع ہو کر ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کا اہتمام سرائیکی اسٹوڈنٹ الائنس اور سرائیکی صوبہ سنگ کمیٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف نعرے درج تھے۔

سرائیکی صوبے اور حقوق کے لیے ریلی ایسے موقع پر نکالی گئی جب ملک بھر میں عام انتخابات کی گہما گہمی جاری ہے اور انتخابات میں تقریبا تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ ملازمتوں کے حصول کے حوالے سے سرائیکی نوجوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک رکھا جا رہا ہے اور انہیں سرکاری ملازمتوں سے محروم کیا جا رہا ہے جبکہ ملک کے بڑے تعلیمی اداروں میں بھی سرائیکی بولنے والوں کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سرائیکی بولنے والوں کے ساتھ نہ صرف امتیازی سلوک کو ختم کیا جائے بلکہ احساس محرومی اور پسماندگی کا بھی خاتمہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں