چیری: گلگت بلتستان کا مشہور پھل


گلگت: چیری کو اپنے منفرد ذائقے، لذت اور خوشبو کے اعتبار سے دنیا بھر میں بیحد پسند کیا جاتا ہے۔ یخ بستہ علاقے کے اس پھل کو ملک کے دیگر علاقوں کے علاوہ بیرون ملک بھی بـڑی مقدار میں برآمد کیا جاتا ہے۔

اس میٹھے پھل کی ویسے تو کئی اقسام ہیں لیکن دیسی اور فرانسیسی چیری کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ مختلف علاقوں کی چیری اپنی رنگت کے اعتبار سے بھی تھوڑی فرق کی حامل ہوتی ہے۔ عمومی طور پر چیری 15 اپریل تک پک کر تیار ہوجاتی ہے۔

چیری کو پھل کے طور پر استعمال کرنے کے علاوہ کھانے کی مختلف اشیا میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کیمیکلز کی تیاری میں بھی چیری کا استعمال عام طور پر ہوتا ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق سالانہ 50 کروڑ روپے سے زائد کی چیری ملک کے مختلف شہروں کو بھیجی اور دیگر ممالک کو برآمد کی جاتی ہے۔ اندازاً دس ہزار افراد چیری کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

گلگت بلتستان میں 100 سے 200 روپے کلو میں فروخت ہونے والی چیری ملک کے دیگر علاقوں میں 300 سے لے کر 400 روپے کلو تک میں فروخت کی جاتی ہے.

چیری کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ حکومت اس کاروبار پر تھوڑی سی توجہ دے کر قیمتی زرمبادلہ کما سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تھوڑی سی حکومتی توجہ چیری کے کاروبار سے وابستہ افراد کی معاشی صورتحال میں بھی تبدیلی لانے کا سبب بن سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں