آئندہ انتخابات میں غلامان محمد ﷺ اور غلامان امریکا کے درمیان مقابلہ، سراج الحق


لاہور: سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن اس وقت ختم ہوگی جب عدالت عظمی این آر او کے حوالے سے فیصلے پر عمل درآمد کروائے گی۔

متحدہ مجلس عمل ( ایم ایم اے ) پنجاب کے عہدیداروں کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں نظام مصطفیٰ صلی اللہ علی وسلم کے نفاذ کے لیے عوام کو متحد کرے گی۔ سیکولر اور لبرل جماعتوں کے مقابلے میں دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے قوم کی امیدوں کا مرکز ہے۔

بدھ کو منعقدہ تقریب کے دوران جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں غلامان محمد ﷺ اور غلامان امریکا کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر سراج الحق نے کہا کہ چیف جسٹس کے اقدامات پر وہ لوگ واویلا کررہے ہیں جنہوں نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہونے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں این آر او کیس کرپشن کے خلاف ایک بہت بڑا قدم تھا۔ سپریم کورٹ کے ججز نے آئین اور قانون کی روشنی میں ایک بے مثال فیـصلہ دیا تھا۔ جس میں این آر او کے ذریعے ختم کیے جانے والے مقدمات دوبارہ اصل صورت میں بحال کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

سراج الحق نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ احتساب کے عمل کو تیز اور جلد مکمل کیا جائے۔


متعلقہ خبریں