اسلام آباد میں 85 ہزار ہیلتھ کارڈز جاری کریں گے،وفاقی وزیر صحت


وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون تھری میں ماڈل اسکریننگ ڈسپنسری کا افتتاح کردیا۔ ڈسپنسری میں ہیپا ٹائٹس سمیت دیگر امراض کی مفت اسکریننگ اور ان امراض کا مفت علاج بھی کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا فوکس ہے کہ اسلام کو صحت اور تعلیم کے لحاظ سے خطے کا بہترین شہر بنانا ہے، غریب بستیوں میں صحت، اسکریننگ اور علاج کا انتظام کرلیا ہے، پہلے مرحلے میں ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے ایک لاکھ افراد کی اسکریننگ اور پھر علاج کیا جائے گا، ٹی بی اور یرقان کے علاج کے لیے یہ سینٹرز اہم کردار ادا کریں گے، اسلام آباد کو ٹی بی اور ہیپا ٹائٹس سے پاک شہر بنائیں گے۔

مزید پڑھیے: رواں ماہ دو کروڑ افراد کو ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے، عامر کیانی

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو 85 ہزار ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 8 ہزار سالانہ جگر ٹرانسپلانٹ کے کیسز آتے ہیں، شہر کے 200 سے 250 افراد کو مفت ٹرانسپلانٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ اسلام آباد میں 10 ارب روپے کی لاگت سے نرسنگ یونیورسٹی بنانے جا رہے ہیں، پاکستان میں 2030 تک 10 لاکھ نرسز کا شاٹ فال ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزارت صحت ریجنل ہیلتھ اتھارٹی بنانے جا رہی ہے جس کا اختیار پمز کے علاوہ تمام اسپتالوں پر ہوگا، تمام ہیلتھ یونٹس اور ریجنل ہیلتھ سینٹرز بھی اس اتھارٹی کے تحت ہوں گے۔

مزید پڑھیے: وزیراعظم نے ’صحت انصاف کارڈ‘ پروگرام کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیرصحت نے 33 شہری بنیادی ہیلتھ یونٹس اور 22 دیہی کو اپگریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں مزید 9 ہیلتھ یونٹس بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

عامر محمود کیانی نے اسکریننگ اور علاج کے منصوبے کے لیے معاون اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔


متعلقہ خبریں