• LIVE
    SUN JUL 19 2026 | 03:10 PM

    ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے یا نہ کرے ، مجھے کوئی پرواہ نہیں ،ڈونلڈ ٹرمپ

    ہماری پالیسی کا محور ایران کے جوہری پروگرام کو محدود رکھنا ہے ، مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے
    ایران مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے یا نہ کرے ، مجھے کوئی پرواہ نہیں ،ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران مفاہمتی یاددشت پر عمل کرے یا نہ کرے ، مجھے اس کی ذرا بھی پرواہ نہیں۔

    قطری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر نے امریکی کیبل نیوز نیٹ ورک نیوز نیشن کو مختصر ٹیلی فونک انٹرویو دیا، جب ان سے تہران کے اس اعلان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی پابندی نہیں کرے گا، تو ٹرمپ نے کہا کہ مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دہرایا کہ جنگ کا بنیادی مقصد ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینا ہے۔ امریکی پالیسی کا محور ایران کے جوہری پروگرام کو محدود رکھنا ہے اور واشنگٹن اس معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ جون کے وسط میں ایک مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کا خاتمہ تھا۔

    اردن میں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایران پر شدید بمباری ، پاسداران انقلاب کا کویت میں امریکی اڈوں پر حملہ

    حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری نقل و حمل اور سلامتی سے متعلق اختلافات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں مفاہمتی یادداشت کی افادیت بھی متاثر ہوئی۔

    ادھر روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کو پوری شدت سے ایران پر بمباری کا حکم دیا ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ صورتحال دیکھ کر مجھے بے حد دکھ ہے، میں ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دوں گا، اگر ایران ڈیل پر عمل نہیں کر رہا تو امریکا کو بھی فکر نہیں۔

  • SUN JUL 19 2026 | 09:57 AM

    اردن میں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایران پر شدید بمباری ، پاسداران انقلاب کا کویت میں امریکی اڈوں پر حملہ

    حاجی آباد ، سیرک بندر عباس اور جزیرہ قشم میں دھماکے سنے گئے ، ایرانی میڈیا
    اردن میں فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایران پر شدید بمباری ، پاسداران انقلاب کا کویت میں امریکی اڈوں پر حملہ

    اردن میں 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد امریکی فوج نے ٹرمپ کے حکم پر ایران کیخلاف نئے حملے شروع کرتے ہوئے شدید بمباری کی۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ امریکی صدر کی ہدایت پر ایران کے خلاف نئے فضائی حملے شروع کر دیے۔ یہ حملے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو خطرات سے محفوظ بنانے،  ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنے اور گزشتہ رات اردن میں امریکی فوجیوں پر حملے کرنے والی ایرانی فورسز کو فوری سزا دینے کے مقصد سے کیے گئے۔

    سینٹکام نے مزید کہا کہ امریکی فوج نے اسلامی انقلابی گارڈ کی ان فورسز کو بھی نشانہ بنایا جن پر 17 جولائی کو اردن میں تعینات امریکی فوجیوں پر حملوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    امریکا کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، ایرانی سپریم لیڈر

    سینٹکام کے مطابق اس وقت 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی مشرقِ وسطیٰ میں مختلف مقامات پر تعینات ہیں، اور وہ مکمل چوکسی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے، کارروائی کے لیے تیار رہنے اور ہر ممکن ردِعمل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے تازہ کارروائی میں سیرک کے قریب حملے کیے، اور حاجی آباد شہر کے قریب علاقے کو نشانہ بنایا۔ ایرانی شہر بندر عباس اور جزیرہ قشم میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم کسی جانی نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں کے بعد ایران کی پاسداران انقلاب نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت میں موجود دو امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

    سرکاری ٹی وی پر جاری ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ کیمپ الادیری پر ڈرون سے اسلحہ ڈپو اور علی السالم ائیر بیس پر پیٹریاٹ دفاعی نظام کے ریڈار نشانہ بنائے گئے۔

     

     

  • SAT JUL 18 2026 | 11:03 PM

    ایرانی میزائل حملوں میں 2 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، سینٹ کام کی تصدیق

    ایرانی حملوں میں لاپتہ امریکی فوجی اہلکار کی تلاش جاری ہے
    ایرانی میزائل حملوں میں 2 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، سینٹ کام کی تصدیق

    واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کے میزائل حملوں میں 2 امریکی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹ کام نے اپنے بیان میں کہا کہ اردن میں ایرانی حملوں میں ایک فوجی اہلکار لاپتہ ہے۔ جبکہ 4 فوجی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    سینٹ کام کے مطابق امریکی فوجی اہلکار معمولی زخمی تھے جنہیں علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

    امریکی فوج کی جانب سے لاپتہ اہلکار کی تلاش جاری ہے، جبکہ حملوں کے بعد خطے میں امریکی تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکا کی الازرق ائیر بیس کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

    پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ اردن میں الازرق ائیربیس کو میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، حملے میں بیس پر 2 فائٹر جیٹس  اور 3 امریکی طیارے تباہ کیے، جبکہ حملے میں بیس پر فائٹر جیٹ شیلٹرز، پارکنگ ریمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان

    روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس حملے سے پہلے امریکی فوجیوں کا انخلا نہیں کرایا گیا تھا۔

  • SAT JUL 18 2026 | 10:46 PM

    امریکا کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، ایرانی سپریم لیڈر

    واشنگٹن نے ایک بار پھر اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کرکے عدم اعتماد کو مزید گہرا کر دیا ہے، مجتبیٰ خامنہ ای
    امریکا کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، ایرانی سپریم لیڈر

    ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔

    ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت (MoU) کی بار بار خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات سے ثابت ہو گیا ہے کہ امریکی صدر کے دستخط بے وقعت اور ساکھ سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے دوبارہ اپنا “حقیقی چہرہ” بے نقاب کر دیا ہے۔

    اپنے بیان میں خامنہ ای نے کہا کہ امریکا کی پالیسیاں جبر، آمریت اور توسیع پسندی پر مبنی ہیں اور واشنگٹن نے ایک بار پھر اپنے وعدوں کی پاسداری نہ کرکے عدم اعتماد کو مزید گہرا کر دیا ہے۔

    مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ آج عظیم شیطان نے ایک بار پھر اپنا بے نقاب چہرہ دکھایا ہے تاکہ جرائم اور وعدہ خلافی کا یہ سیاہ باب امریکا کی بددیانتی، غیر معقول رویے، ناقابلِ اعتماد ہونے اور بدنیتی کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت بن جائے۔

    ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ “شہید رہبر” کے جنازے نے دشمن کو غصے اور خوف میں مبتلا کر دیا، جبکہ امریکا کو ایسا سبق سکھایا جائے گا جسے وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔

    انہوں نے ایرانی عوام پر زور دیا کہ وہ ملکی حکام پر اعتماد رکھیں، تنقید کرتے وقت احتیاط سے کام لیں اور قومی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے تقسیم اور تصادم سے گریز کریں۔

    ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان

    یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق خامنہ ای کے سخت مؤقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران، واشنگٹن پر اعتماد کو مکمل طور پر ختم شدہ سمجھتا ہے، جبکہ حالیہ کشیدگی نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی حل کے امکانات کو مزید محدود کر دیا ہے۔

  • SAT JUL 18 2026 | 06:47 PM

    ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان

    موجودہ حالات میں ایران کی اولین ترجیح ملک کا دفاع اور قومی سلامتی ہے، کاظم غریب آبادی
    ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان

    تہران: بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد فی الحال معطل کر دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کی اولین ترجیح ملک کا دفاع اور قومی سلامتی ہے، اسی لیے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

    کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اس وقت معاہدے پر عمل نہیں کر رہا اور تمام تر توجہ دفاعی معاملات پر مرکوز ہے۔ ایران آئندہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران مذاکراتی عمل میں شریک تھا، تاہم امریکی اقدامات نے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا۔

    دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے مفاہمتی یادداشت اور بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہیں، عالمی برادری اس جارحانہ لاپرواہی کی شدید مذمت کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کئی ماہ کی ثالثی کے بعد 14 نکات پر مشتمل ایک مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی اور مذاکرات کو 6 ماہ میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تاہم امریکہ نے ان شرائط کے برعکس ایم او یو کی خلاف ورزی کی اور آبنائے ہرمز کے کچھ حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تاکہ وہ حاصل کیا جا سکے جو میدان جنگ میں حاصل نہیں ہوا تھا۔

    رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ اب امریکہ نے ایم او یو کی شرائط اور بین الاقوامی اصولوں کے خلاف جنگ شروع کر کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکا کی ساتویں روز بھی بمباری ، ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ ، کئی فوجی زخمی

    ایرانی سفیر نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ اقدام کی سخت مذمت کرے۔

  • SAT JUL 18 2026 | 01:09 PM

    امریکی حملے جاری رہے تو طبل جنگ بجا دیں گے ، ایران کا اعلان

    مذاکرات اور جنگ ساتھ ساتھ چلنے کی پالیسی اب ختم ہو چکی ، مشیر سپریم لیڈر محسن رضائی
    امریکی حملے جاری رہے تو طبل جنگ بجا دیں گے ، ایران کا اعلان

    ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کے حملے مزید دو سے تین روز تک جاری رہے تو ایران بھی طبل جنگ بجا دے گا۔

    محسن رضائی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مذاکرات اور جنگ ساتھ ساتھ چلنے کی پالیسی اب ختم ہو چکی ہے، اگر امریکی حملے مزید جاری رہے تو ایران بھی طبلِ جنگ بجا دے گا۔

    اس کے علاوہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایروسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی نے اپنے بیان میں کہا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم ہونے تک ایران کی جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    جنرل مجید نے کہا کہ پورا ایران اس وقت ایک ساتھ دشمن کے خلاف کھڑا ہے، تہران سے لے کر جنوب تک ملک کا ہر حصہ یکساں اہمیت رکھتا ہے، اگر شہریوں اور انفراسٹرکچر پرحملے کیے گئے تو اسکا زیادہ سخت جواب ہو گا۔

    ایران کا شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

    دریں اثنا ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے امریکی حملوں کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام پہلے سے کہیں زیادہ متحد، پرعزم اور دشمن کو سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

    ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گا۔

    ادھر ایرانی میڈیا نے ہرمزگان میں امریکی حملوں میں شہید ہونے والے آٹھ افراد کی تصاویر جاری کر دی ہیں، جن میں چار مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی فوج نے مسلسل ساتویں روز بھی ایران کے مختلف شہروں پر حملے جاری رکھے ، جس کے جواب میں ایران کی پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی امریکی فوجی زخمی ہوئے۔

  • SAT JUL 18 2026 | 08:54 AM

    امریکا کی ساتویں روز بھی بمباری ، ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ ، کئی فوجی زخمی

    ایران کی پاسداران انقلاب کا بوشہر میں امریکی ڈرون بھی مار گرانے کا دعویٰ
    امریکا کی ساتویں روز بھی بمباری ، ایران کا اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملہ ، کئی فوجی زخمی

    امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات حملوں کی لہر مکمل کر لی، دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔

    امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق حملوں میں ایران کے نگرانی کے مراکز، فوجی لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے، زیرِ زمین ہتھیاروں کے ذخائر اور بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    امریکی فورسز نے دیگر ذرائع کے علاوہ جنگی طیاروں، فضائی ڈرونز اور جنگی بحری جہازوں کا بھی استعمال کیا۔

    سینٹکام نے کہا کہ سینٹکام کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور ایرانی بندرگاہوں کے خلاف بحری ناکہ بندی پر مکمل طور پر عمل درآمد کر رہا ہے۔ 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں اور مسلسل چوکس، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔

    ادھرا یرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں 3 افراد شہید اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔

    ایران کا شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

    اس سے قبل گزشتہ روز بھی ایران نے ہرمزگان صوبے پر امریکی حملوں میں 8 شہری شہید ہوئے تھے۔ شہدا میں 4 خواتین اور 2 معذور بھائیوں سمیت 4 مرد شامل ہیں۔

    دوسری جانب ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے۔ جن میں کئی امریکی فوجی زخمی ہوئے تاہم ہلاکتوں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    روسی میڈیا کے مطابق اس حملے سے پہلے امریکی فوجیوں کا انخلا نہیں کرایا گیا تھا، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اس حملے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی بندرگاہی شہر بوشہر کے اوپر ایک امریکی ڈرون مار گرایا ہے۔ ایم کیو-9 ڈرون کو ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے زیرِ کنٹرول کام کرنے والے جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکا گیا اور تباہ کر دیا گیا۔

    پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ خلاف ورزی پر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 4 ٹینکر جہازوں کو میزائل اور ڈرون کے مشترکہ آپریشن میں روک دیا گیا۔

  • FRI JUL 17 2026 | 03:35 PM

    ایران کا شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

    ایرانی حملے میں ایک پاور جنریشن اور واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، کویت کی وزارت بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی
    ایران کا شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں آپریشن نصر 2 کے تحت شام، اردن، عراق اور عمان میں امریکی تنصیبات اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ شام کے علاقے التنف میں امریکی اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر پر حملہ ایرانی فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں کیا گیا۔

    پاسداران کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران ایک ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا اور اسپیشل آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والے متعدد ہیلی کاپٹر بھی نشانہ بنا کر تباہ کیے گئے جبکہ بڑی تعداد میں امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

    دوسری جانب کویت کی وزارت بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں ایک پاور جنریشن اور واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اردن میں موجود امریکی فوجی طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد طیارے تباہ اور دیگر کو شدید نقصان پہنچا۔ بیان میں اردن کے عوام سے بھی امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی اپیل کی گئی۔

    ادھر عراق کے شہر اربیل میں امریکی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے کئی دھماکہ خیز ڈرونز مار گرائے۔ کرد سکیورٹی فورسز کے مطابق صبح کے اوقات میں آٹھ ڈرونز کو تباہ کیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    اردن کی فوج نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے تین ایرانی میزائلوں کو مار گرایا، جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے عمان میں بھی امریکی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں سمندری نگرانی اور فضائی نگرانی کے ریڈار شامل ہیں۔

  • FRI JUL 17 2026 | 11:27 AM

    امریکا اور ایران مذاکرات کی بجالی و جنگ بندی معاہدے پر عمل کریں، چینی وزارت خارجہ کا پاک چین مشترکہ مؤقف کا اظہار

    کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں کی بحالی ناگزیر ہے، ترجمان کی پریس بریفنگ
    امریکا اور ایران مذاکرات کی بجالی و جنگ بندی معاہدے پر عمل کریں، چینی وزارت خارجہ کا پاک چین مشترکہ مؤقف کا اظہار

    چین کی وزارتِ خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان اور چین کے مشترکہ مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے امریکا اور ایران پر زور دیا کہ وہ مذاکرات بحال کریں، جنگ بندی سے متعلق مفاہمت پر عمل کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارت کاری کو فروغ دیں۔

    امریکی جارحیت جاری رہی تو جنگ کا دائرہ نئے محاذوں تک پھیل جائے گا، ترجمان ایرانی فوج

    چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کا مؤقف ہے کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں کی بحالی ناگزیر ہے۔ تمام فریق جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی مکمل پاسداری کریں اور اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور بات چیت ہی اختلافات کے حل کا مؤثر ذریعہ ہیں، اس لیے امریکا اور ایران کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفارتی عمل کو آگے بڑھانا چاہیے۔

    چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعمیری کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ امریکا اور ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے۔

    آبنائے ہرمز کشیدگی، امریکا نے ایران پر معاہدہ توڑنے کا الزام عائد کر دیا

    یاد رہے امریکا کی جانب سے ایران پر آج مسلسل چھٹے روز بھی بمباری کی گئی ہے، ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    جواب میں پاسداران انقلاب نے بھی شام میں امریکی فوج کے اسپیشل آپریشنز کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے اور متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

  • FRI JUL 17 2026 | 08:49 AM

    امریکا نے ایران پر حملے کے دوران اہم تنصیات کو نشانہ بنایا، 7 افراد جاں بحق، ایرانی میڈیا

    حملوں کامقصدایران کی فوجی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے،سینٹ کام
    امریکا نے ایران پر حملے کے دوران اہم تنصیات کو نشانہ بنایا، 7 افراد جاں بحق، ایرانی میڈیا

    امریکی افواج نے ایران  کے خلاف تازہ بڑے حملوں کی کارروائی مکمل کرلی،ایران کی اہم تنصیبات پر امریکی جنگی طیاروں، ڈرونز اور جنگی بحری جہازوں نے حملے کیے۔

    سینٹ کام کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے خلاف مسلسل چھٹی رات  حملے کئے جو امریکی وقت کے مطابق دوپہر2بجے شروع ہوئے۔حملوں کامقصدایران کی فوجی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔

    آبنائے ہرمز کشیدگی، امریکا نے ایران پر معاہدہ توڑنے کا الزام عائد کر دیا

    ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق صوبہ ہرمزگان میں بندر خمیر پل پر امریکی حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق کیہوارستان پل اور بندر عباس کے ایک رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق بندرعباس میں پل پر اس وقت حملہ کیا گیا جب گاڑیاں اور شہری اس پر سے گزر رہے تھے۔حملے کے بعد پل سے آگ کے شعلے بلند ہوتے نظرآئے اور پل مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں 9 افراد زخمی ہوئے، جنہیں امدادی اور طبی عملہ علاج فراہم کر رہا ہے۔

    امریکا اورایران کے ایک دوسرے پر حملے، عالمی منڈی میں تیل مزید مہنگا

    ایرانی میڈیا کی جانب سے یہ بھی تصدیق کی گئی ہے کہ امریکا کے تازہ حملوں میں جنوبی ایران کے پانچ پلوں کو نشانہ بنایا گیا،امریکی میزائلوں نے بوشہر میں فضائی اور بحری فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔کویت سے ایران کی جانب زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔

    بندر عباس میں ریلوے سب اسٹیشن پر امریکی حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے،امریکی حملوں میں جنوب مشرقی ایران کا ایرانشہر ہوائی اڈہ بھی نشانہ بنا۔

ٹائم لائن
WhatsApp