متحدہ اپوزیشن کا حصول: زرداری، نواز ملاقات متوقع

نواز شریف اور آصف زرداری اے پی سی میں شریک ہوں گے

لاہو: حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی حکمت عملی بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان نے لاہور میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

اس حوالے سے فضل الرحمان کی کوششیں رنگ لانے لگی ہیں، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری بھی لاہور پہنچ گئے ہیں، توقع کی جارہی ہے زرداری نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کے درمیان دوریاں کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف گھریلو حالات کی وجہ سے صدمے میں ہیں، تاہم ان کی کوشش ہے کہ میاں صاحب کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت پر آمادہ کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے آنے کے بعد سے ملک میں خرابیاں آئی ہیں، اس وقت ملک کے اندر ڈکٹیٹرشپ محسوس ہوتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملکی اداروں کو سیاست دانوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے، سیاست دانوں کو شکنجے میں کسنے کے لیے یہ ساری چیزیں استعمال ہوتی رہیں گی، یہی اسٹیبلشمنٹ کی سیاست ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سعودی امدادی پیکج سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، صرف زبانی کہا جاسکے گا کہ ریزروز میں اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں