ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے کمسن بچہ شدید زخمی

فوٹو: فائل


راولپنڈی: بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ سے کمسن بچہ شدید زخمی ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر چڑی کوٹ سیکٹر کے قریب بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔ انڈین جارحیت کی زد میں آکر آٹھ سالہ بچہ خیال شدید زخمی ہوا جسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پاک فوج نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

گزشتہ ماہ دس ستمبر کو خنجراب سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 51 سالہ شہری گفتار حسین شہید ہوگیا تھا جب کہ چار ستمبر کو کوٹ کوٹیرہ سیکٹر پر فائرنگ سے پاکستانی شہری عبدالرؤف شہید ہوا تھا۔

پاکستان کی جانب سے معاملات بہتر کرنے کے تمام تر کوششوں کے باوجود بھارتی فوج اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور وقفے وقفے سے سرحد پار سے پاکستانی حدود میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

رواں برس لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال بھارتی دہشت گردی کے باعث متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں