وزیر اعظم نے ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘ مہم کا آغاز کر دیا



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے ایک مقامی کالج میں پودا لگا کر ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان مہم کا افتتاح کرنے کے لیے اسلام آباد کالج پہنچے اور وہاں بچوں کے ساتھ مل کر پودا لگایا جس کے بعد انہوں نے بچوں سے گلوبل وارمنگ سے متعلق سوالات بھی پوچھے۔

عمران خان نے گلوبل وارمنگ سے متعلق بچوں کو آگاہ کیا، عمران خان نے بچوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا درجہ حرارت آہستہ آہستہ بڑھتا جا رہا ہے جس کہ باعث ہمارے گلیشئر پگھلنے لگ جائیں گے اور اس کے باعث دریاؤں میں زیادہ پانی آئے گا اور سیلاب آنے شروع ہو جائیں گے۔

درخت لگانے کے فوائد بیان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ درختوں سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو قابو پانے میں مدد ملے گی اور ہم اس طرح کچھ حد تک گلوبل وارمنگ کے اثرات کم کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے پودا لگانے کے بعد اسکول میں بچوں اور اساتذہ سے خطاب بھی کیا وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ سے متاثر ملکوں میں پاکستان ساتویں نمبر پر کھڑا ہے جو کہ ایک سنگین بات ہے اس لیے درخت لگانا انتہائی ضروری ہے، درخت بڑھنے سے زیر زمین پانی کی سطح اوپر آجائے گی۔

خطاب کے دوران انہوں نے ملک بھر کے طلبا کا شوکت خانم کینسر اسپتال کے حوالے سے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں جب سوچا تھا تو ناممکن لگتا تھا مگر پھر کسی نے کہا کہ چندے کے لیے اسکولوں میں جاؤں تو میں خیبر سے کراچی کے اسکولوں تک گیا اور آج پاکستان میں دو کینسر کے اسپتال موجود ہیں۔

آلودگی کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ دریاؤں میں گندگی پھیلاتے ہیں یورپ کے دریا دیکھ لیں کتنے صاف ہیں۔

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے حوالے سے بتاتے ہوئے عمران خان کا  کہنا تھا کہ ہرے پاکستان کا مقصد آلودگی کو صاف کرنا ہے، آج سے ملک بھر میں پودے لگانے کی مہم شروع  کی جائی گی۔


متعلقہ خبریں