ضمنی انتخابات: الیکشن مہم کا وقت ختم


اسلام آباد: ملک بھر کے 35 حلقوں میں اتوار 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن مہم کا وقت ختم ہوگیا۔

مہم میں ملک بھر میں تمام جماعتوں نے زور وشور سے حصہ لیا اورمتعلقہ حلقوں میں سیاسی گہما گہمی جاری رہی اور امیدواروں نے عوام کے دل جیتنے کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی تاہم الیکشن مہم کے آخری روز کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔

اب عوام کرتی ہے کس کا  انتخاب، اس کا فیصلہ تو 14 اکتوبر کو ہی ہوسکے گا۔

الیکشن قوانین کے مطابق سیاسی جماعتیں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار الیکشن کے دن سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آج رات 12 بجے انتخابی مہم کا مقرر کردہ وقت ختم ہو گیا۔ رات 12 بجے کے بعد ووٹ مانگنے، جلسہ اور جلوس منعقد کرنے پر مکمل پابندی ہوگئی ہے۔

انتخابی کمیشن نے خبردار کیا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ڈے پر بھی ووٹ مانگنے اور انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد رہے گی۔

پاکستان کے مختلف علاقوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ اتوار 14 اکتوبر کو ہو گی۔

ضمنی انتخابات کے لیے ریٹرنگ افسران 13 اکتوبر کو بیلٹ پپیرز پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کےلئے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل پہلے ہی مکمل کرلیا ہے۔ اس اقدام کے تحت بیلٹ پیپرز تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران تک پہنچائے گئے ہیں۔

بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل پاک فوج کی نگرانی میں مکمل کیا گیا ہے۔ ملک بھر کے 35 حلقوں کےلئے تقریبا ایک کروڑ بیلٹ پیپرز فراہم کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

پہلی بار آئی ووٹنگ

ضمنی انتخابات کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ ملک کی انتخابی تاریخ میں پہلی بار بیرون ملک پاکستانی انٹرنیٹ ووٹنگ کے تحت اپنا ووٹ ڈالیں گے۔

الیکشن کمیشن کے اختیار کردہ نظام کے تحت دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم پاکستانی کسی بھی انٹرنیٹ سے منسلک ڈیوائس کے ذریعے ووٹ کر سکیں گے۔

آئی ووٹنگ میں شامل ہوسکنے کے لیے الیکشن کمیشن نے بیرون ملک مقیم سات ہزار 364 ووٹرز کو پاس ورڈز بھی جاری کر دیے ہیں۔


متعلقہ خبریں