آئی ایم ایف پر بحث کے لیے اجلاس بلایا جائے، رضا ربانی


اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت آئی ایم ایف معاملے پر بحث کے لیے اجلاس بلائے، اگر اجلاس نہ بلایا گیا تو ریکوزیشن دے کر اجلاس بلائیں گے۔

بدھ کے روز سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اخبارات سے علم ہوا کہ حکومت قرض لینے کے لیے مالیاتی سامراج آئی ایم ایف کے پاس جا رہی ہے حالانکہ وزیر خزانہ نے بتایا تھا کہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہوا۔

حکومتی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رضا ربانی نے مزید کہا کہ ایوان کو بتایا گیا تھا کہ آئی ایم ایف جانے سے پہلے پارلیمان میں بحث ہوگی لیکن سب کچھ اس کے برعکس ہوا۔ وزیرخزانہ کو ایوان میں آ کر جواب دینا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر روپے کی قیمت میں کمی کی تاکہ آئی ایم ایف کو خوش کیا جا سکے۔ اسٹاک مارکیٹ میں پھیلنے والی مندی اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈالر کی قیمت 137 روپے سے 138 روپے تک جا پہنچی ہے اور پاؤنڈ 170 روپے کا ہو گیا ہے۔ خدشہ ہے ڈالر کی قیمت 140 سے 145 روپے تک پہنچ جائے گی۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کی پہلے ہی کمر توڑی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف کی باتیں مانی تو محنت کش طبقے کی کمر بھی ٹوٹے گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت سنبھالنے کے بعد سی این جی، ایل پی جی کے نرخ پہلے ہی بڑھ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی این کا ریٹ پہلی مرتبہ پیٹرول سے بھی زیادہ بڑھ گیا ہے۔ آئی ایم ایف کی بات مانی تو پیٹرول مزید مہنگا ہو گا۔

رہنما پییپلزپارٹی نے اجلاس مین خطاب کے دوران کہا کہ آئی ایم ایف نے نجکاری اور بجلی، گیس کی قیمتیں بڑھانے پر زور دیا ہے۔ ان اقدام سے ہمیں اپنے اثاثے فروخت کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی بات ماننے پر نجکاری کے بعد صنعتی اداروں سے محنت کش طبقوں کو فارغ کر دیا جائے گا۔ آئی ایم ایف ہدایات پر عمل کرنے کے بعد مہنگائی تین گنا زیادہ ہو جائے گی۔ ہم اپنے اثاثوں کی نجکاری نہیں کرنے دیں گے۔

 


متعلقہ خبریں