انتخابات دھاندلی کمیشن: سینیٹ اراکین کے ناموں پر اتفاق

انتخابات دھاندلی کمیشن: سینیٹ ارکان کے ناموں پر اتفاق ہو گیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے قائم پارلیمانی کمیشن میں سینیٹ اراکین کی شمولیت کا معاملہ اتفاق رائے سے طے کر لیا گیا ہے، حکومت اور اپوزیشن کمیشن کے لیے سینیٹرز کے ناموں پر متفق ہو گئی ہیں۔

سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے منتخب ناموں کی تصدیق کی ہے جب کہ کمیشن کے لیے سینیٹرز کے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔

قائد ایوان نے بتایا ہے کہ پارلیمانی کمیشن میں دس سینیٹرز شامل ہیں جن میں پانچ کا تعلق حکومتی اور پانچ کا اپوزیشن جماعتوں سے ہے۔

شبلی فراز کے مطابق حکومتی سینیٹرز میں اعظم سواتی، فروغ نسیم، بیرسٹر سیف، خوش بخت شجاعت اورنعمان وزیر کے نام شامل ہیں جب کہ اپوزیشن بینچز سے رضا ربانی، جاوید عباسی، رحمان ملک، عثمان کاکڑ اور سینیٹر کلثوم پروین کمیشن کا حصہ ہوں گے۔

حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف نے مطالبہ کیا تھا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔

قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا تھا کہ مذکورہ پارلیمانی کمیشن انتخابی عمل کی تیسرے فریق سے جانچ پڑتال کرائے، ذمہ داروں کا تعین کرے اور 30 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے اور الیکشن قوانین میں جو ترامیم ضروری ہیں ان کی سفارشات بھی پیش کرے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا تھا انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیشن کی سربراہی حزب اختلاف کو سونپی جائے لیکن حکمراں جماعت نے وزیردفاع کو مذکورہ کمیشن کی سربراہی سونپنے کی منظوری دے رکھی ہے۔

ابتداء میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ پارلیمانی کمیشن کے ارکان قومی اسمبلی سے منتخب کیے جائیں گے تاہم سینیٹ کی جانب سے دی گئی تجاویز کی روشنی میں سینیٹرز کو بھی اس کا حصہ بنانے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں