وزیر اعظم کا زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں آٹھ اکتوبر 2005 کے زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ پاکستان کو جیو فزیکل اور ہائیڈرو میٹرولوجیکل آفات نے بار بار متاثر کیا ہے۔

وزیر اعظم نے قومی ریزیلیئنس ڈے ( آفات سے آگاہی کا قومی دن) کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہم آٹھ اکتوبر کے دن کو نیشنل ریزیلیئنس ڈے کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس دن جو لوگ مختلف قدرتی آفات کی وجہ سے اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے ہم اس کا ازالہ تو نہیں کرسکتے لیکن ان سے محفوظ رہنے کی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس صوبائی اور قومی سطح پر قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نام سے ادارہ موجود ہے جب کہ ہمیں ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جو ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کی پالیسیوں پر فوری طور پر عملدر آمد کرے اور مقامی سطح پر منصوبہ بندی کی جائے۔ یہ ہماری مقامی حکومت کے نظام کا سب سے اہم جز ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان سے بات سے آگاہ ہے کہ قدرتی آفات کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل کو پورا کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں