آشیانہ اسکینڈل کیس: نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا



لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آشیانہ اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ہے۔

نیب کے مطابق شہباز شریف کے خلاف ناقابل تردید شواہد ملے ہیں، وہ اپنے بیانات سے نیب حکام کو مطمئن نہیں کرسکے۔

نیب نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو حراست میں لینے کے لیے چیئرمین نیب سے اجازت لی گئی۔

ترجمان نیب نے بتایا کہ ان کو آج نیب لاہور بیورو میں ہی رکھا جائے گا اور کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق شہبازشریف کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ کیس سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

شہباز شریف پر کروڑوں روپے کرپشن اور من پسند افراد کو ٹھیکےدینے کا الزام ہے۔

’شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے بیانات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا‘

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے بیانات کی روشنی میں گرفتار کیا گیا  ہے۔

فواد حسن فواد نے تمام الزامات کو رد کرتے ہوئے اسے وزیراعلیٰ کے احکامات بتائے تھے۔

فواد حسن فواد نے آشیانہ ہاؤسنگ کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند افراد کو دے کر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

کم بولی لگانے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے دوسری کمپنی کو دیا گیا۔

فواد حسن فواد کے مطابق ان کو تمام احکامات شہباز شریف نے دیئے اور بطور سیکرٹری ان کا کام ان احکامات پر عمل درآمد کرنا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے صاف پانی کیس کے سلسلے میں شہباز شریف کو طلب کیا تھا اور پیش ہونے پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل پر گرفتار کیا گیا۔

دوسری جانب مسلم لیگ نواز نے بھی شہباز شریف کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو نیب لاہور نے گرفتار کرلیا ہے

نیب لاہور کے باہر سیکیورٹی مزید بڑھادی گئی ہے جبکہ رینجرز کے دستے نیب لاہور بیورو کے باہر تعینات کر دیے گئے ہیں۔

ن لیگ کا اہم اجلاس طلب

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت نے آج شام کو اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع ن لیگ کے مطابق اجلاس میں سابق صدر پاکستان ممنون حسین، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، شاہ محمد شاہ و دیگر شریک ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں موجودہ صورت حال سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوگی جبکہ اس میں میڈیا نمائندگان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں