اسحاق ڈار کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، پرویز رشید


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خدمت کی ہے، انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی ڈوبتی اقتصادیات کو مضبوط بنایا، ان کے دور میں اسٹاک ایکسچینج 50 ہزار پوائنٹس عبور کر گئی تھی۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے دور وزارت میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے جو اسٹیٹ بنک نے خواب میں بھی نہ دیکھے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کی خدمات کو دنیا نے تسلیم کیا ہے، انٹرنیشل ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کو بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا کہا تھا۔

سابق وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماراجی ڈی پی  تین فیصد سے آگے نہیں بڑھا تھا، اسحاق ڈار اسے  5.8 فیصد پر لے کر گئے جو ایک بڑا کارنامہ تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں جی ڈی پی کی شرح 5.8 سے بھی نیچے چلی گئی ہے، حکومت کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں، اسٹاک مارکیٹ کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے زمانے میں لوگوں کو سستی بجلی اور سستی گیس ملتی تھی جبکہ اس حکومت نے بجلی اور گیس مہنگی کر دی ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی والے اسحاق ڈار کی معیشت کے لیے خدمات لاقانونیت سمجھتے ہیں تو انہیں قانونیت اور لاقانونیت کا فرق معلوم نہیں۔


متعلقہ خبریں