اہم عہدوں پر اسحاق ڈار کے تعینات کئے گئے افراد برطرف

اہم عہدوں پر اسحاق ڈار کے تعینات کئے گئے افراد برطرف

اسلام آباد: سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے تعینات کیے گئے چیئرمین نیشنل بینک، صدرفرسٹ وومن بینک اور مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن سمیت تین ارکان کو برطرف کر دیا گیا۔

یہ بات وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتائی، انہوں نے کہا کہ یہ تمام تعیناتیاں غیرقانونی تھیں اسی لیے ان ارکان کو برطرف کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو لٹیروں کے احتساب کے لیے ووٹ ملا ہے، ان سے کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کا اب تک 200 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ ریڈیو پاکستان سالانہ پانچ ارب سے زائد خرچ کر رہا ہے جبکہ اس کی آمدن صرف 45 کروڑ روپے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا، انہیں ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔

فواد چودھری نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مشاہد اللہ خان جیسے لوگوں کی وجہ سے سیاست دانوں کی عزت نہیں ہے کیونکہ وہ نواز شریف کی خدمت کرنے کی وجہ سے سینیٹر بنے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہمیں حقائق پیش نہیں کرنے دیئے گئے اسی لیے تحقیقات کے لیے معاملات  نیب کو بھیج رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں