پہلی قومی بلائنڈ وومن کرکٹ ٹیم کا اعلان


لاہور: پاکستان کی پہلی بلائنڈ وومن کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے، ٹیم جنوری میں نیپال کی ٹیم کے خلاف پہلی سیریز کھیلے گی۔

پاکستان کی پہلی بلائنڈ وومن کرکٹ ٹیم کے لیے 25 کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے تاہم 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

پیر کے روز پاکستان میں متعین آسٹریلوی ہائی کمشنر اور چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ٹیم کے قیام کا باقاعدہ اعلان کیا۔

لاہور کے کنیئرڈ کالج میں بلائنڈ خواتین پر مشتمل دو ٹیموں کے درمیان میچ بھی کھیلا گیا جس میں ‌آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نابینا خواتین کو کرکٹ کھیلتا دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین ہائی کمیشن کا پاکستان بلائنڈ کرکٹ سے الحاق اعزاز کی بات ہے۔

مارگریٹ ایڈمسن نے کہا کہ آسٹریلیا کے طرح پاکستان میں بھی کرکٹ کا جنون ہے۔ انہوں نے رواں ماہ ہونے والی پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ خود مختار ہے اور دورہ پاکستان کے لیے ٹیم کو حکومت کی نہیں بورڈ کی اجازت درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔

امارگریٹ ایڈمسن اپنی ذاتی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف آسٹریلیا ہی نہیں دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں۔


متعلقہ خبریں