قریشی کا سیکریٹری جنرل یو این سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کا مطالبہ


نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ (یو این) کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے سیکٹری جنرل سے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پرعمل درآمد کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریز کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بریفنگ دی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کردار اور مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کروائیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے تاہم اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان مسائل کے حل کے لیے بھارت سے بامعنی مذاکرات چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات سے آنکھیں چرا رہا ہے۔

 جنرل اسمبلی اجلاس کے دورام میں شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب  سرگی لاوروو اور مصر کے وزیرخارجہ سمیع شوکرے سے بھی ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں  وزیر خارجہ نے دونوں رہنماؤں کے ساتھ خطے کی علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے دونوں ممالک کے ساتھ تجارت سرمایہ کاری، دفاع اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آج جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے عالمی رہنماؤں کو آگاہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے پردہ اٹھائیں گے۔

شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں افغان اور فلسطینی امن عمل جب کہ فلسطینی تنازعہ پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں