کراچی: پولیس مقابلے میں دو ٹارگٹ کلر ہلاک


کراچی: ابوالحسن اصفہانی روڈ پر اسکاؤٹ کالونی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ٹارگٹ کلر ہلاک ہوئے ہیں۔

کراچی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریحان بنگالی اور معصوم کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریحان بنگالی ایک پولیس اہلکار اور شہری کے قتل میں ملوث تھا۔ پولیس مقابلہ کے بعد نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئیں۔

سندھ کے نئے آئی جی کلیم امام نے چارج سنبھالتے وقت اس بات کا اعلان کیا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے لیکن حالیہ چند روز میں ہونے والی وارداتوں سے صورتحال یکسر برعکس نظر آرہی ہے۔

چند روز قبل کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں بھی نامعلوم افراد نے رات گئے طارق علی نامی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی سامنے نہیں آسکی۔

شہر میں جاری اسٹریٹ کرائمز کے علاوہ بچوں کے اغوا کی وارداتیں بھی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔ گزشتہ نو ماہ کے دوران صرف کراچی سے 146 بچے لاپتہ ہوئے ہیں۔

مختلف جرائم کا شکار ہونے والے افراد کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ابتدائی کارروائی کے بعد کیس کی پیروی نہ ہونے کے سبب جرائم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں