میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر نیوی چیف کا پیغام

فائل : فوٹو


کراچی: پاکستان سمیت پوری دنیا میں آج میری ٹائم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر پاک بحریہ نے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ورلڈ میری ٹائم ڈے منانے کا مقصد عوام الناس کو بحری شعبے سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے زیراہتمام لیکچرز، ساحل اور بندرگاہوں کی صفائی اور نیوی کے سکولز و کالجز میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

اسی طرح پاکستان میری ٹائم میوزیم میں خصوصی میری ٹائم گالا کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں عوام الناس کی آگاہی کے لیے مختلف اسٹالز لگائے گئے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کی عالمگیر دنیا میں بحری تجارت اہم کر دار ادا کر رہی ہے کیونکہ یہ دنیا بھر میں معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتی ہے اور اُنہیں آپس میں جوڑتی ہے۔ بحری تجارت کا پیمانہ اور اس کی حد حجم کے لحاظ سے دنیا کی تجارت کا 80 فی صد اور مقدار کے لحاظ سے 70 فی صد ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی ممالک کی خوشحالی کا سمندری تجارت سے گہرا واسطہ ہے ۔ پاکستان کی معیشت میں بحری تجارت کو ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت حاصل ہے۔ ہماری 95 فی صد سے زائد عالمی تجارت سمندروں کے ذریعے ہوتی ہے ۔ سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی فعالیت سے میری ٹائم سیکٹر میں آنے والی تیزی سے پاکستان کی بحری تجارت میں کئی گنا اضافہ ہو گا کیونکہ ہماری بحری راہداریوں کو علاقائی ربط کی منفرد اہمیت حاصل ہے۔

نیوی چیف کا کہنا تھا کہ کُل بحری تجارت کی صرف 16 فی صد ترسیل پاکستان کے تجارتی جہازوں کا بیڑہ کرتا ہے جبکہ بقیہ ترسیل بین الاقوامی جہازوں کے ذریعے ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں