اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس آج سے شروع


اسلام آباد/نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73 واں اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے جس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کررہے ہیں۔ اجلاس کی ابتداء میں جنرل اسمبلی کے اس سیشن کے لیے صدر مقرر ہونے والی ماریا فرنینڈو عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گی۔

یکم اکتوبر تک جاری رہنے والے اجلاس سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روس، چین اور دیگر رکن ممالک کے سربراہان بھی خطاب کریں گے۔

پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گے۔ وزیرخارجہ اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا دو ٹوک مؤقف عالمی رہنماؤں کے سامنے رکھیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکہ میں کئی اہم ملاقاتیں کی ہیں جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تجارتی تعلقات پاکستان کی ترجیح ہے۔

عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

 شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے وزیرخارجہ اسٹیف بلوک سے ملاقات کی جس میں توہین آمیز خاکوں پر پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کو ذمہ داری کے ساتھ استمعال کیا جانا چاہیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکہ کے موقع پر اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزارئے خارجہ سے غیر رسمی ملاقات کی، ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں توانائی کے لیے روابط قائم کرنا پاکستان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کے ممالک میں روابط کا بہترین منصوبہ ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے آذر بائیجان پر آرمینی فوج کی جارحیت کی مذمت کی۔

امریکی رکن کانگریس اور عالمی بینک کے صدر سے ملاقات

شاہ محمود قریشی نے امریکی رکن کانگریس جوولسن سے بھی ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم عمران خان کے ہمسایوں سے پرامن تعلقات کے وژن سے آگاہ کیا۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے ورلڈ بینک کے صدرجم یونگ کم سے  بھی ملاقات کی اور انہیں بھارت کے کشن گنگا اور رتلے ڈیم منصوبوں پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں