جاپان، پاکستانی میڈیا میں سرمایہ کاری کرے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی میڈیا اور اقتصادیات میں جاپان کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، پاکستان اور جاپان کو آپس کے تعلقات سرمایہ کاری کے ذریعے مزید مضبوط کرنے چاہیں۔

پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر تکاشی کرائے سے ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جاپان کا اقتصادی ماڈل بہت مضبوط اور دنیا کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور انتہا پسندی اور دہشت گردوں کے بیانیے کے خلاف ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہو سکتا ہے اس کے لیے جاپان کے ساتھ فلموں اور ڈراموں کی مشترکہ پروڈکشن کے میدان میں کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔ فلم اور ڈراموں کے تبادلے سے ایک دوسرے کی ثقافت اور کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ جس مائیک سے پاکستان کے معرض وجود میں آنے کا اعلان ہوا وہ مائیک بھی جاپان کا بنا ہوا تھا، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے دروازے ہمیشہ جاپان کے ثقافتی پروگراموں کے لیے کھلے ہیں۔

ملاقات میں جاپان کے سفیر نے سیاسی اور سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ جاپان بھی پاکستان میں میڈیا اور معلومات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔

تکاشی کرائے کا کہنا تھا کہ جاپان کی 83 کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں جن میں سب سے زیادہ آٹوموبائل کے سیکٹر میں ہیں۔

جاپانی سفیر نے پاکستان میں آئی ایس ڈی بی ٹی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کی پیش کش بھی کی جو کہ موبائل اور ٹیلی وژن کے ساتھ کام کرے گی اور اس سے زلزلے کی پیشگی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

وزیراطلاعات نے جاپانی سفیر کی اس تجویز کا خیرمقدم کیا۔


متعلقہ خبریں