اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما اور سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پردہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمے کی ایف آئی آر سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر لی گئی ہے۔
مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 228،500، 505 دو، 506 اور 34 کے تحت درج کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے بھی لگائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ پہلے سے ہی زیرالتوا ہے۔ سابق سینیٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے چیف جسٹس پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔