چین کا پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

چین کا پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ | urduhumnews.wpengine.com

بیجنگ: پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان آرمی کے سربراہ چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے تین روزہ دورہ چین کے دوران دونوں دوست ممالک نے ایک بار پھر خطے کی ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دورہ چین کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی کی جس میں سی پیک کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران شی جن پنگ اور پاکستان کے آرمی چیف نے سی پیک کو خطے کی ترقی کا منصوبہ قرار دیا اور اس کے جاری منصوبوں اور سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

آرمی چیف اور چینی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند دوستی کے سفر کے دوران کٹھن حالات میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہ دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے۔

 شی جن پنگ نے سی پیک میں پاک فوج کی گہری دلچسپی اور سیکیورٹی کی فراہمی کو بھی سراہا اور خطے میں امن کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  پاک فوج کے سی پیک کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کے عزم کو بھی دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک سے صرف پاکستان کا ہی نہیں بلکہ خطے کا مستقبل بھی جڑا ہے۔

پاکستانی سپہ سالار نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہوں گے۔ 


متعلقہ خبریں