لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی، ہم 100 روز میں عوام کو ریلیف کا احساس دلانے کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔
یہ بات انہوں نے اراکین اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا گیا مگر اب کھوکھلے نعروں کا دور گزر چکا، ہمارے عملی اقدامات کی گواہی خود عوام دیں گے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اورکفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے اور صوبہ پنجاب اپنے کپتان کی توقعات کو پورا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خود پسماندہ علاقے سے آیا ہوں اورعام آدمی کے مسائل کا مجھے پورا ادراک ہے۔ ہماری حکومت پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹائے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ان کا عوام کے ساتھ درد کا رشتہ ہے، ہمارے دکھ سانجھے ہیں، عوامی مسائل کے حل کے لیے روڈ میپ تیار کر لیا ہے لیکن اراکین اسمبلی بھی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر یاسر ہمایوں سرفراز، اراکین اسمبلی محمد طارق تارڑ، فدا حسین وٹو، سعید احمد سعیدی، پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان، نائب صدر خواتین ونگ سیما انوار، چوہدری اشفاق اورچوہدری کاشف شامل تھے۔