دورہ سعودی عرب، امارات کے بعد وزیر اعظم واپس پہنچ گئے

عمران خان کی سعودی فرمانروا سے ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان سے ملاقات کی اور ان سے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپرگفتگو کی۔

ان ملاقاتوں میں وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کی سلامتی اور مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لیے حمایت اور سپورٹ کے عزم کو دوہرایا۔ 

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات میں وسعت لانے اور انہیں ہمہ جہت بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔  ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور خطے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران عمران خان اور ان کے وفد نے عمرہ ادا کیا اور روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دی۔

وزیراعظم کی سعودی فرمانروا کے محل میں آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی پیش کی گئیں۔

اپنے دو روزہ دورہ کے دوران وزیراعظم متحدہ عرب امارات بھی گئے جہاں انہوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان  سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں عرب امارات کے نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزراور وزیر برائے صدارتی امور موجود تھے۔ 

دورہ کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیر خزانہ اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی تھے۔


متعلقہ خبریں