اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پرخواتین کو نمائندگی نہ دینے کے خلاف درخواست مسترد کرنے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔
عدالت عظمی میں اپیل تحریک انصاف کی کارکن آمنہ صدف نے جمع کرائی ہے۔
آمنہ صدف نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر اسلام آباد سے خواتین کو نمائندگی نہ دینے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ نے پٹیشن خارج کر دی تھی جس کے خلاف آمنہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
اپنی اپیل میں صدف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی 21 لاکھ آبادی میں 50 فیصد خواتین ہیں۔ خواتین کی نصف تعداد ہونے کے باوجود اسلام آباد کے لیے کوئی مخصوص نشست مختص نہیں کی گئی ہے۔
ان کا موقف ہے کہ چاروں صوبوں میں خواتین کی مخصوص نشستیں ہیں لیکن اسلام آباد کی خواتین کو مخصوص نشست سے محروم رکھا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا 24 جولائی کا فیصلہ غیر قانونی اور حقائق کے منافی ہے، اس فیصلہ میں قانونی سقم ہے۔
آمنہ صدر کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پرشہر اقتدار کی خواتین کی نمائندگی نہ ہونا عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار نےعدالت عظمی سے استدعا کی کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔