اسلام آباد: نو اور دس محرم الحرام کو اسلام آباد کے کئی سیکٹرز میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق جن علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی ان میں سیکٹرز جی سکس، جی سیون، جی ایٹ، جی نائن، ایف سکس، ایف سیون، ایف الیون، اور آئی ٹین شامل ہیں۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق موبائل فون سروس صبح نو سے رات نو بجے تک بند رہے گی۔
ملک کے مختلف شہروں میں آٹھ محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، حفاظتی انتظامات کے تحت کراچی، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے اور متعدد مقامات پر موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔